| sandesa |
*سَندیسہ*
کبھی ملنے بلاؤں
چلے آنا
میں تمہیں میرا گھر دکھاؤں گی
بیٹھنے کے لیے میری پسندیدہ جگہ پیش کروں گی
مجھ سے ملتے سمے میرے لباس کی سیاہی تمہیں اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کرے تو تم اپنی توجہ کے سبھی رنگوں کو جھٹک دینا
اگر تم ایسا نہیں کروگے تو میرے لباس کی سیاہی تمہاری توجہ کے دل کو دکھا دے گی....
اور میں تمہارا "دل" دکھانا نہیں چاہتی.
یہ مت سمجھنا کہ میں سیاہ رنگ سے تمہاری ناپسندیدگی کو بھلا چکی ہوں
مجھے "یاد" ہے
اس کے باوجود اب____
میں میرے دل کو "سیاہ دل" اور "سیاہ رنگ" کی طرف ہمکتا محسوس کرنے لگی ہوں
سیاہ ہونے لگی ہوں
اس لیے تم میری جانب سے انجان رہ کر میری پیش کی کرسی پر بیٹھ جانا
تمہارے دائیں ہاتھ پر میری کتابوں کا ریک ہوگا
تم دیکھو گے تمہیں وہاں تمہاری پڑھی "عشق کا عین" سجی دکھائی دے گی مگر وہاں تمہاری لائی آخری کتاب "کج مینوں مرن دا شوق وی سن" نہیں ملے گی___!!!
تم اس کی بابت دریافت کروگے تو میں تمہیں بتاؤں گی کہ اس کتاب کے عنوان کا "مرن شوق" میرے مرن شوق کے انتظار کی طوالت کو ڈسٹرب کیا کرتا تھا.اس لیے وہ کتاب میں تمہارے صدقے میں دان کرچکی ہوں
وہ سامنے میرا کچن ہے
کیا تمہیں یاد ہے میں چاۓ نہیں پیتی؟ اگر تم بھول چکے ہو تو مجھے "یہ" بتانے کی زہمت مت کرنا
میں سوال نہیں کرونگی.ہاں مگر تمہیں تمہاری پسند کی چاۓ ضرور پیش کرونگی
تم چاۓ لینا اور ٹیرس پر چلے آنا
وہاں "ہم" مل کر تارے دیکھیں گے
ٹھنڈی چاندنی میں اگر تمہارا وہاں بیٹھنے کا من کرے تو تم بیٹھ جانا
میں چپ رہوں گی.تم محسوس کرنا اور سر رکھنے کے لیے مجھے اپنا کندھا پیش کردینا
اس سمے تم چاہو تو چاند دیکھ سکتے ہو.میں تمہارے کندھے پر سر رکھ کر اپنی انگلی میں پڑی انگوٹھی کو تھوڑا سا چڑھا اتار لونگی......
میرے ہاتھوں کی کپکپاہٹ سے اگر انگوٹھی میرے ہاتھ سے نکل کر زمین پر گر پڑے تو غور مت کرنا
کیونکہ اب اس لمحےگری انگوٹھی اٹھانے کے بہانےمجھے تمہارے پاؤں چھونے ہونگے.....
مجھے پاؤں چھو لینے دینا
اگر تم چاہو تو میری انگلیوں کے لرزنے کی وجہ دریافت کرسکتے ہو
میں بتادوں گی کہ
تمہارے ہجر کے دن گنتے گنتے میری انگلیاں میرے ہاتھوں سمیت تھکنے لگی ہیں
نم آنکھوں سے اگر میں ایسا کچھ بتادوں تو تم اپنے نرم ہاتھوں سے میرے ہاتھوں کو ذرا دیر دبا دینا
مجھ میں اب ضد باقی نہیں رہی
اس لیےاگر تم ایسا نہیں کروگے تو بھی میں "مسکرا" دوں گی
تم چاہو تو مجھے یوں مسکراتے دیکھ کر چپت رسید کرسکتے ہو
تم ایسا کروگےتو___
میں "کھکھلا" دوں گی
سنو_____!!!
آنے لگو تو جیب میں کچھ نئے نوٹ رکھتے آنا
کیونکہ تمہارے دیے نئے نوٹ اب باسی پڑنے لگے ہیں
اور ہاں سنو___!!
میں اپنی پرانی گھڑیوں کو تمہارے جانے کے وقت پر روک کر تاریک لاکر میں شام غریباں منانے کو تنہا چھوڑ دیا ہے
اس لیے تم آنے لگو تو ایک نئی گھڑی لیتے آنا
کیونکہ میں اب نئی گھڑی میں وقت کی سوئیوں کو ایک نئے چکر میں گھما کر زندگی کی تازگی کو تھوڑا سا پھر سے محسوس کرنا چاہتی ہوں
اس لیے___
بلاؤں تو چلے آنا

0 تبصرے