ہم لڑکیاں بہت "عجیب" ہوتی ہیں
ہنسنے کی بات پر رو دیتی ہیں
اور رونے کی بات پر سِسکی تک دبا لیتی ہیں___
سُوئی چبھنے پر آسمان سر پر اٹھا لیتی ہیں
دل ٹوٹ جانے پر سِی بھی نہیں کرتیں___
پانی سے بھرے بادل دیکھ کر خوش ہوجاتی ہیں
مگر بارش کا پانی دیکھ کر دیوانہ وار رودیتی ہیں___
مور کے پَر دیوار پر سجا کر
مردہ تتلی کے پروں کو کتابوں میں محفوظ کرلیتی ہیں____
ہم لڑکیاں!!!
آسمان پر اڑتے پرندے دیکھ کر
پنجرے میں بند چڑیا کو دانہ ڈالتی رودیتی ہیں___
ہم لڑکیاں!!!
دعا کے لیےاٹھی ہتھلیوں پر لکیروں کی ویرانی دیکھ کر زبان کی نوک پر اُترے ہر لفظ کو بند لبوں تلے کچل کر___
نم آنکھوں سےبس ایک نظر "آسمان" دیکھ لیتی ہیں
ہم لڑکیاں!!!
دعا کی قبولیت کے لیے پہلے پلکوں کا ڈھیر توڑ کر آنکھوں کو ویران کرتی ہیں
پھر کاجل کی سِلائی ہاتھ میں لیے رودیتی ہیں____
ہم لڑکیاں !!!!
شِیشے میں ابھرتے اپنے نقوش کی اداسی کو چُھو کر
خود ہی خود کو رُلا دیا کرتی ہیں___
ہم لڑکیاں !!!!
اپنے آنسوؤں کی بدصورتی چھپانے کے لیے اپنے تکیوں کو گہرے رنگ کے پھولوں سے سجا لیتی ہیں___
ہم لڑکیاں!!!
اَن کہی کو روح کے قبرستان میں دفن کرنےکے لیے
فرش پر انگلی سے پہلے"تارا" بناتی ہیں پھر بنا کر مٹا دیتی ہیں
ہم لڑکیاں!!!!
اپنے دُکھوں کو برابر لیٹی مَاں سے چُھپا کر کالے آسمان تلے "ماں دینے والے" سے بہت لڑ لیا کرتی ہیں
ہم لڑکیاں !!!
اس قدر عجیب ہوتی ہیں کہ
اپنے سجدوں میں___
اپنے لیے سجدوں میں گڑگڑا کر مانگنے والا مانگ رہی ہوتی ہیں
ہم لڑکیاں___
دریچے سے لگ کر انتظار کی گھڑیوں کو پوروں پر گن کر انگلیاں زرد کر لیتی ہیں
مگر___
ڈائری کو اس کے کورے صفحوں سمیت الماری میں سجا رہنے دیتی ہیں
ہم لڑکیاں___!!!
"بہت عجیب ہوتی ہیں"

0 تبصرے